قبرستانوں اور شمشان گھاٹ کو گرین زون کے طور پر ترقی

شجرکاری کے ساتھ پر فضا بنایا جائے گا : کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار
حیدرآباد ۔ 7 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) قبرستانوں اور شمشان گھاٹ وغیرہ کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گرین زون کے طورپر ترقی دی جائے گی ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج مختلف مذاہب کے قبرستانوں کی ترقی کیلئے تیار کردہ پراجکٹ پر جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے قبرستانوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پارک جیسا ماحول فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کرے ۔ کمشنر بلدیہ نے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران بتایاکہ قبرستانوں میں شجرکاری کے ساتھ ساتھ ماحول کو بہتر بنانے کیلئے پھولوں کے پودے اُگانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ قبرستانوں میں موجود کھلی اراضی کے بہتر استفادہ کے ذریعہ فضائی آلودگی میں کمی کے ساتھ ساتھ قبرستانوں کو جانے والوں کے لئے بھی پرفضاء ماحول فراہم کیا جاسکے ۔ مسٹر سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ قبرستانوں کو خوبصورت بنانے کے منصوبے کو قابل عمل بنانے کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں موجود تالابوں و ذخائر آب کی بازیابی اور انھیں بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی غور کریں اور قابل عمل منصوبے تیار کرتے ہوئے پیش کئے جائیں۔ مسٹر سومیش کمار نے شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ اچھے ماحول کے لئے بلدیہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا د کی جانب سے بہت جلد بڑے پیمانے پر عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا جائے گا ۔ اس جائزہ اجلاس میں انجینئرنگ چیف مسٹر آر دھن سنگھ ، چیف سٹی پلانر مسٹر دیویندر ریڈی ، چیف انجینئر مسٹر سریش کے علاوہ ایڈیشنل کمشنرس مسٹر ایس ہری کرشنا ، مسٹر این روی کرن اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔