کلکتہ۔24۔ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ریاست کے جھاڑ گرام ضلع میں کھڑکپور اور ٹاٹا نگر ریلوے لائن پر قبائلی برادری کے ”ماجھی مروا کمیونیٹی” اور دیگر سنتھالی تنظیم بشمول بھارت جگت ماجھی پرگنہ محل سنتھالی زبان کو اسکولی تعلیم کا حصہ بنانے کے مطالبہ پر ”ریل روکو ” احتجاج کررہی ہے جس کی وجہ سے درجنوں ٹرین تاخیر سے چل رہی ہے ۔سنتھالی میڈیم اسکول ، جنگل محل اور قبائلی علاقوں میں واقع کالجوں اور یونیورسٹی میں سنتھالی شعبہ قائم کرنے ، اسکولوں میں قبائلی برداری سے تعلق رکھنے والوں کو بحال کرنے اور شیڈول ٹرائب سیٹوں پر بحال غیر قبائلیوں کو برطرف کرنے کے مطالبے پر یہ احتجاج کیا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ سنتھالی تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ آئین میں پانچواں شیڈول ایکٹ نافذ کیا جائے ۔قبائلیوں کے احتجاج کی وجہ سے ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے اور وہی قبائلیوں نے متعدد مقامات پر سڑک بھی جام کردیا ہے ۔