قاہرہ ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران بم دھماکے سے چھ پولیس اہلکاروں سمیت کم ازکم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی پولیس کے سربراہ سمیت 13 سے زائد افراد دھماکے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے اْس وقت ہوا جب پولیس افسران پر مشتمل ایک ٹیم نے اہرامِ مصر کے قریبی علاقے میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں چھاپہ مارا۔ اس سے قبل جمعرات کو مصر کے شمالی شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سینا میں ایک حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ یہ حملہ العریش نامی شہر میں پولیس کی چوکی پر کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ مصر میں 2013 میں اسلام پسند رہنما محمد مرسی کی حکومت کو برطرف کیے جانے کے بعد سے سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔