قانون ساز کونسل کے نائب صدر نشین کو طلبہ نے گھیرلیا

ودیا ساگر احتجاجی بیانر پر دستخط کرنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کے نائب صدر نشین این ودیا ساگر کو آج اس وقت الجھن کا سامنا ہوا جب وہ کے بی آر پارک بنجارہ ہلز میں مارننگ واک کے بعد واپس ہورہے تھے۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی نے انٹرمیڈیٹ طلبہ کی خودکشی کے واقعات کے سلسلہ میں دستخطی مہم کا آغاز کیا ۔ طلبہ کو خودکشی کے واقعات سے روکنے اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت پر دباؤ بنانے یہ مہم شروع کی گئی۔ این ایس یو آئی کے قائدین اور کارکن ایک بڑے بیانر کے ساتھ کے بی آر پارک کے باہر کھڑے تھے، ان کے ساتھ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام بھی موجود تھے۔ این ودیا ساگر جیسے ہی مارننگ واک کے بعد واپسی کے لئے باہر نکلے طلبہ نے ان سے ملاقات کی اور بیانر پر دستخط کرنے کی خواہش کی ۔ ودیا ساگر نے ابتداء میں تذبذب کا مظاہرہ کیا، تاہم طلبہ کے آگے انہیں جھکنا پڑا اور وہ سیدھے دستخط کیلئے بیانر کے پاس پہنچے۔ انہوں نے دستخط کی اور پروفیسر کودنڈا رام سے ملاقات کی ۔ کسی اہم عہدہ پر فائز شخصیت کی جانب سے دستخطی مہم میں یہ پہلی شرکت تھی ۔ اسی دوران کانگریس کے کارگزار صدر پونم پربھاکر نے کانگریس قائدین اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ شہر اور اضلاع میں خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں سے ملاقات کریں۔ 2 مئی کو متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یگانگت کیلئے موم بتیوں کے ساتھ ریالی منظم کی جائے گی ۔