صدر ٹی پی سی سی پنالہ لکشمیا کی قیادت میں گورنر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل نے آج شام راج بھون پہونچکر گورنر سے ملاقات کی ۔ صدر نشین قانون ساز کونسل کے 2 جولائی کو منعقد ہونے والے انتخاب کو ملتوی کرنے کی یادداشت پیش کی ۔ کانگریس کے اس وفد میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس کانگریس کے ارکان قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین مسٹر راجیشور مسٹر رنگاریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ کانگریس کے وفد نے گورنر کو بتایا کہ کانگریس کے 5 ارکان قانون ساز کونسل نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ کانگریس نے ان کی رکنیت منسوخ کرنے کی اسپیکر اسمبلی کو یادداشت پیش کی ہے ۔ اس پر فیصلہ ہونے سے قبل صدر نشین کونسل کا انتخاب نہیں ہونا چاہئے ۔ اسمبلی اسپیکر کے انتخاب میں اپوزیشن سے مشاورت کرنے والی حکمران ٹی آر ایس نے کونسل صدر نشین کے انتخاب میں اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا ہے ۔ لہذا صدر نشین کونسل کے انتخاب کو ملتوی کرنے کی اپیل کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے صدر نشین کے انتخاب کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کیے بغیر صدرنشین کا انتخاب کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر کانگریس کا احسان مند رہنے کے بجائے کانگریس کے ارکان کو لالچ دیتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل کررہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ مسٹر ڈی سرینواس نے کہا کہ ریاست میں صدر نشین کونسل کا انتخاب لازمی نہیں ہے پھر کیا وجہ ہے حکومت عجلت میں صدر نشین کا انتخاب کرارہی ہے ہم نے صدر نشین کے انتخاب کے طریقہ کار کے خلاف گورنر سے شکایت کی ہے اور انتخابات کو ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے ۔۔