حیدرآباد 10 مارچ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی پانچ نشستوں کو پر کرنے کیلئے منگل کو انتخاب ہوگا ۔ ان انتخابات نے ریاست میں سیاسی گرمی میں اضافہ کردیا تھا کیونکہ اپوزیشن کے چار ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس میںشمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ ٹی آر ایس نے اپنے چار امیدواروں وزیر داخلہ محمد محمود علی ‘ ایس سبھاش ریڈی ‘ ستیہ وتی راتھوڑ اور وائی ملیشم کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ ایک نشست اپنی حلیف مجلس کیلئے چھوڑ دی گئی ہے ۔ اصل اپوزیشن کانگریس نے ایک امیدوار جی نارائن ریڈی کو میدان میں اتارا ہے ۔ تاہم چار اپوزیشن ارکان کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد کانگریس امیدوار کی کامیابی کے امکانات شدید متاثر ہوگئے ہیں۔