محمود علی، سبھاش ریڈی، ملیشم اور ستیہ وتی راتھوڑ شامل
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے قانون ساز کونسل کی چار نشستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ ارکان اسمبلی زمرے کی پانچ نشستوں میں ٹی آر ایس چار نشستوں پر مقابلہ کرے گی جبکہ ایک نشست حلیف جماعت مجلس کو الاٹ کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے جن چار امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی ہے ان میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین اور چیف منسٹر کے سیاسی مشیر سی ایچ سبھاش ریڈی، سابق رکن اسمبلی ستیہ وتی راتھوڑ اور ریاستی کرما سنگھم کے صدر اے ملیشم شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 29 مارچ کو 5 ارکان کونسل کی میعاد ختم ہورہی ہے جن میں پی سدھاکر ریڈی، محمد علی شبیر (دونوں کانگریس) اور محمد محمود علی، محمد سلیم اور ٹی سنتوش کمار شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے محمد محمود علی کو دوسری مرتبہ کونسل کی رکنیت دی ہے جبکہ باقی تین نئے چہروں کو موقع دیا گیا۔ سبھاش ریڈی کا شمار چیف منسٹر کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے اور وہ سیاسی مشیر کی حیثیت سے اسمبلی کے انتخابی مہم میں چیف منسٹر کے ساتھ دوروں میں شامل رہے۔ کونسل کی نشستوں کے لیے کل اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے۔ 28 فروری تک پرچہ نامزدگی داخل کیے جاسکتے ہیں۔ یکم مارچ کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 5 مارچ تک پرچہ نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔ 12 مارچ کو صبح 9 تا 4 بجے شام رائے دہی ہوگی اور اسی دن شام 5 بجے رائے شماری اور نتیجے کا اعلان کردیا جائے گا۔ عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس پارٹی ایک نشست پر مقابلہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کانگریس کے ارکان کی تعداد 19 ہے جبکہ تلگودیشم کے دو ارکان ہیں۔ کونسل کی ایک نشست کے لیے 21 ارکان کی تائید ضروری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس اندرون دو یوم اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کردے گی۔