نئی دہلی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ محمد حامدانصاری نے پارلیمنٹ میں حالیہ شوروغل اور ہنگامہ آرائی کے تناظر میں آج کہا کہ قانون ساز اداروں کی کارکردگی میں خلل اندازی پر انہیں سخت صدمہ ہوا ہے۔ قانون سازی کے ادارے ایسا محسوس ہوتا ہیکہ اب ایجی ٹیشن کے مراکز میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین محمد حامد انصاری نے کہا کہ ’’پارلیمانی ایوان یا ریاستی اسمبلیاں آج جن حالات سے گذر رہی ہیں، انہیں دیکھ کر مجھے سخت صدمہ ہوتا ہے۔ ان اداروں کا مقصد و مطلب کیا ہے اور وہ کیا ہوگئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کا کام ہم عاملہ کو جوابدہ بنانا اور اہم مسائل پر بحث کرنا ہوتا ہے۔ وجئے دردا کی کتاب پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کے رسم اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انصاری نے کہاکہ قانون سازی کے ادارے نعرہ بازوں کا مرکز بن گئے ہیں۔
ٹی وی بلیک آوٹ سگنل ناکامی کا نتیجہ
نئی دہلی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا ٹیلی ویژن بلیک آوٹ کی تحقیقات سے پتہ چلا ہیکہ تلنگانہ بل کی منظوری کے دوران 9 خودکار کیمروں سے سگنلس کی وصولی میں ناکامی کے سبب یہ بلیک آوٹ ہوا ہے۔ گذشتہ روز سہ پہر 3 بجے وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے کے خطاب کے آغاز کے ساتھ ہی اس بلیک آوٹ کا آغاز ہوا تھا۔