قانون سازی ،پارلیمنٹ میں ہوتی ہے رام لیلا میدان میں نہیں : ڈگ وجئے سنگھ

بھوپال ۔ 8 ۔ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج وزیراعلی دہلی اروند کیجریوال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے قوامی افق پر اُبھرنے سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل سڑکوں پر نہیں بلکہ جمہوری طریقے سے حاصل کیا جاتا ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلی کوچوں اور سڑکوں پر شور مچانے سے بہتر ہے کہ کوئی سیاست میں داخلہ لیکر پارٹی تشکیل دے اور اسمبلی یا پارلیمنٹ میں داخل ہوجائے ۔

انہوں نے زیادہ وضاحت نہ کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ میں کی جاتی ہے نہ کہ رام لیلا میدان میں ۔ انہوں نے کہا کہ اروندکیجریوال اور بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی میں آمرانہ عناصر پائے جاتے ہیں ۔ میں یہ بات اس لئے کہہ رہا ہوں کہ یہ دونوں ایسے ہیں جو صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان کی آواز سنی جائے جبکہ دوسروں کی آواز پر وہ کوئی کان نہیں دھرتے اور شاید یہی وجہ ہے کہ کیجریوال نے کئی لوگوں کو اپنے سے دور کر لیا جن میں نرمدا بچاو آندولن قائد میدھاپاٹکر بھی شامل ہیں ۔

جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا راہول گاندھی کو کانگریس کے وزارت عظمی کا امیدوار کے طور پر 17 جنوری کو پیش کیا جائے گا تو انہوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شخصی طور پر میرا یہ خیال ہے کہ انتخابات سے قبل کسی بھی قائد کو وزارت عظمی کے امیدوار کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہئے ۔ نئی دہلی میں کل کانگریس کے ایک اجلاس میں پرینکا گاندھی کی شرکت کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کا میڈیا ورک سنبھال رہی ہیں ۔ علاوہ ازیں وہ رائے بریلی اور امیٹھی میں پارٹی امور پر بھی توجہ دیتی ہیں ۔