ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے چیف منسٹر کی مساعی
حیدرآباد ۔ 22 ؍ فبروری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندراشیکھرراو نے آج پارٹی رفقاء کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مجوزہ اراکین قانون ساز کونسل کی نشستوں کے امیدواروں کے ناموں پر غور و خوض کیا ۔ اجلاس کے دوران مسٹر کے چندراشیکھرراو نے تمام ریاستی وزراء کو ہدایت دی کہ وہ بجٹ اجلاس کے دوران شہر میں موجود رہیں اور گریجویٹ کی نشستوں کے لئے ہو رہے ارکان قانون ساز کونسل کے انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لئے کوشش کریں ۔ انہوں نے کیمپ آفس میں منعقدہ اجلاس میں 16 مارچ کو ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں نلگنڈہ ‘ ورنگل اور کھمم کی گریجویٹ نشست پر امیدوار کے ناموں پر غور و غوض کیا ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب مسٹر بی نریندر ریڈی (ورنگل ) ‘ ٹی رویندرراو اور یادو ریڈی (نلگنڈہ) کے علاوہ دیگر ناموں پر غور کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھرراو اس گریجویٹ حلقہ کے لئے مسٹر پی راجیشور ریڈی کو امیدوار نامزد کرنے کے متعلق غور کر رہے ہیں جو کہ ٹی آر ایس نلگنڈہ کے ضلع انچارج ہیں ۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے سکریٹریٹ ایمپلائیز اسوسی ایشن قائد مسٹر دیوی پرساد کو حیدرآباد ‘ محبوب نگر و رنگاریڈی گریجویٹ نشست کے لئے قطعیت دے دی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائیگا ۔ ذرائع کے بموجب مسٹر دیوی پرساد نے اپنی ملازمت سے استعفی بھی پیش کر دیا ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندراشیکھرراو نے وزراء اور پارٹی رفقاء کو ہدایت دی ہے کہ وہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے پیش نظر شہری ترقیات و دیگر امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرے چونکہ مسائل کی یکسوئی کے ذریعہ ہی حکومت اپنے موقف کو جی ایچ ایم سی میں بہتر بناسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے اجلاس کے دوران تمام قائدین کو متحدہ طور پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے اور جدوجہد کرنے کی ہدایت دی ۔