نئی دہلی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت جاٹ کوٹہ مسئلہ کو حل کرنے کیلئے قانونی دائرہ کار اور پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں جاٹ طبقہ کو دیئے جانے والے تحفظات کو کالعدم قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ جاٹ طبقہ پسماندہ نہیں ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے جاٹوں کے 70 رکنی وفد نے ان سے ملاقات کی تھی اور اس طبقہ سے متعلق مسائل پر بات چیت کی تھی۔ اس میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ اور تحفظات کو برخاست کرنے کے احکام پر بھی بات چیت شامل ہے۔ وزیراعظم نے جاٹ طبقہ کے وفد کی بات چیت اور ان کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کی پوری سنجیدگی سے سماعت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس خصوص میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لے رہی ہے اور ہم قانونی دائرہ میں رہ کر اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ سپریم کورٹ نے 17 مارچ کو جاٹ طبقہ کو دیئے جانے والے تحفظات کو کالعدم قرار دیا تھا۔ یہ تحفظات 9 ریاستوں میں رہنے والے جاٹ طبقہ کے لوگوں کے لئے سابق یو پی اے حکومت نے دیئے تھے۔ جاٹ طبقہ کو او بی سی موقف دینے کے اعلامیہ کو بھی کالعدم کردیا گیا تھا۔ جاٹ طبقہ کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم مودی نے ان پر زور دیا ہیکہ وہ وزیراعظم کی پسندیدہ مہم بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھا کی حمایت کریں۔