نوٹ بندی پر صرف 5درخواستیں موصول:مرکزی انفارمیشن کمشنر
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں قانون حق معلومات کمشنرس کی عدم موجودگی انتہائی تکلیف دہ ہے لہذا حکومت کو اِس معاملے میں توجہ دیتے ہوئے تقررات یقینی بنانا چاہئے۔ مرکزی انفارمیشن کمشنر برائے قانون حق معلومات مسٹر ایم سریدھر نے یہ بات کہی۔ اُنھوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل نوٹ بندی کے حکومت کے فیصلے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور قانون حق معلومات کے ذریعہ اس کی وجوہات جاننے کے لئے صرف پانچ افراد نے درخواست دی۔ اُنھوں نے کہاکہ کروڑہا عوام نے اِس سخت فیصلے کو خاموشی کے ساتھ قبول کرلیا یا پھر اُنھوں نے کسی طرح کی معلومات حاصل کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔ اُنھوں نے کہاکہ مسائل کے بارے میں استفسار کی کافی اہمیت ہے اور ایسے افراد ہی نئی تاریخ مرتب کریں گے۔ مسٹر سریدھر قانون حق معلومات 2005 ء کے موضوع پر ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی مکمل تفصیلات سے عوام کو باخبر رکھنے کے لئے دفاتر میں ڈسپلے بورڈس ہونا چاہئے۔ عوامی مسائل پر اگر مؤثر ردعمل ظاہر کیا جائے تبھی شفاف نظم و نسق یقینی ہوسکتا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ سیاسی قائدین سے اُن کی کارکردگی کے بارے میں سوال کریں۔ ایم سریدھر نے اِس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیاکہ آج بھی ایسے کئی عوامی نمائندے ہیں جنھیں ووٹ ڈالنا بھی نہیں جانتے۔ اِسی طرح قانون حق معلومات سے ناواقف افراد کی بھی کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔