قانون برائے ثالثی میں ترمیم منظور بین الاقوامی بزنس کمیٹی کو مثبت پیام

نئی دہلی۔30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) زیادہ سے زیادہ بیرونی سرمایہ کو راغب کرنے کی اپنی پرجوش کوششوں کے درمیان حکومت نے بین الاقوامی تجارتی برادری کو ایک مثبت پیام دیتے ہوئے آربٹریشن ایکٹ میں ترمیم کردی تاکہ تجارتی تنازعات کے معاملوں کی شنوائی کرنے والے جج کیلئے لازمی ہوجائے کہ اپنے کیسوں کی اندرون 9 ماہ یکسوئی کردے ۔ ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے آج کہا کہ ثالثی اور مصالحت سے متعلق قانون 1996 ء میں ترامیم ایک آرڈنینس کی شکل میں ہوئی ہے جن کا مقصد ایسا پیام دینا ہے کہ ہندوستان میں تجارتی تنازعات کی یکسوئی اب کوئی طویل قانونی کشاکش والا معاملہ نہیں رہے گا ۔ یہ آرڈنینس صدرجمہوریہ کو منظوری کیلئے بھیج دیا گیا ہے جس کے بعد یہ لاگو ہوجائیگا۔