نئی دہلی ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ریلوے سدانند گوڑا نے اپنے ’’لاپتہ ‘‘بیٹے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ ان کے فرزند عصمت ریزی کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ ایک کنڑ اداکارہ نے ان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ سدانند گوڑا نے کہاکہ وہ اس کے بارے میں کئی بار کہہ چکے ہیں ، قانون اپنا کام کرے گا ۔ اس سے زیادہ انہیں اور کچھ کہنا نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت کے 100 دن کی تکمیل پر اس کے ’’کارناموں‘‘ میں وزارت ریلوے کا حصہ کے بارے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ تبصرہ کیا ۔ ان کے فرزند کارتک گوڑا پر ایک اایک کنڑ اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے شادی کا تیقن دیتے ہوئے ، اس کے ساتھ تعلقات قائم کئے تھے۔ جب ان کی منگنی کسی اور لڑکی سے ہوگئی تو اداکارہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ انہوں نے ریلوے اور شاردا گروپ کے درمیان کنٹراکٹ کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیااور کہا کہ سی بی آئی تحقیقات کر رہی ہے اور کوئی بھی تبصرہ تحقیقات میں دخل اندازی کے مترادف ہوگا۔