قاضیوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر

فرضی دستاویزات کی ضبطی کیلئے پولیس ٹیم ممبئی روانہ
حیدرآباد ۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) کم عمر لڑکیوں کی معمر خلیجی ممالک باشندوں سے شادیوں کے ریاکٹ میں مبینہ طور پر ملوث پانچ قاضیوں کے خلاف ساوتھ زون پولیس نے سسپیکٹ شیٹ کھول دی ہے۔ فلک پولیس کی ایک خصوصی ٹیم آج صدر قاضی ممبئی کے ہمراہ ممبئی روانہ ہوچکی ہے تاکہ وہاں سے شواہد اکھٹا کئے جاسکیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ علی عبداللہ رفاعی، فریداحمد خان (صدر قاضی ممبئی)، منور علی (نائب قاضی ممبئی)، حبیب علی اور حبیب شریف کے خلاف فلک نما اور چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں سسپیکٹ شیٹ کھولی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن مسٹر محمد تاج الدین احمد نے بتایاکہ چائلڈ میریج میں مسلسل قاضیوں کے ملوث ہونے پر پولیس نے ان کی سسپیکٹ شیٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شیڈ کے ذریعہ ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ آئندہ وہ عرب شیخوں کے ہاتھوں کم عمر لڑکیوں کی شادیاں نہ کرائیں۔ فلک نما پولیس کی جانب سے کل چائلڈ میریج ریاکٹ میں ملوث 9 ملزمین بشمول عمانی باشندے، دلال اور قاضیوں کو تحویل میں لینے کے بعد آج پولیس کی ٹیم صدر ممبئی قاضی کے ہمراہ ممبئی روانہ ہوگئی ہے۔ یہ ٹیم ممبئی کے قاضی کی جانب سے تیار کئے گئے فرضی دستاویزات بشمول نکاح نامے، نوٹری وغیرہ ضبط کرسکے تاکہ ان کے خلاف چلائے جانے والے مقدمہ میں شواہد کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ (متعلقہ خبر صفحہ 6پر)