قابل تقدیس ناموں کے استعمال پر محمد علی شبیر کی معذرت خواہی

ٹی راجیشور کا اعتراض ، مقدس اسمائے گرامی کے استعمال پر غلطی کا اعتراف
حیدرآباد۔29ڈسمبر(سیاست نیوز) ایوان میں قابل تقدیس ناموں کے استعمال پر کئے گئے اعتراض کے بعد جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے اپنے الفاظ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے معذرت خواہی کرلی۔ اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کے مسئلہ پر اٹھائے گئے سوال پر مباحث کے دوران جناب محمد علی شبیر نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی جانب سے پیشگی طور پر درخواست رخصت صدر مدرس کے پاس رکھی جاتی ہیں اور محکمہ جاتی تنقیح کی صورت میں غیر حاضر اساتذہ کی درخواست رخصت عہدیداروں کو دکھائی جاتی ہیں جس کے سبب عہدیدار غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کاروائی نہیں کرپاتے۔اسی دوران جناب محمد علی شبیر نے سینٹ میری اور سینٹ فاطمہ جیسے تعلیمی اداروں کے نام رکھتے ہوئے بھی اس طرح کی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ قائد اپوزیشن کے اس ریمارک پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹی آرایس رکن قانون ساز کونسل مسٹر ٹی راجیشور نے سینٹ میری کے تذکرہ پر شدید اعتراض کیا اور اس طرح نام لئے جانے پر معذرت خواہی کا مطالبہ کیا جس پر جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ وہ اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہیں اور ان الفاظ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے معذرت خواہ ہیں کیونکہ مذہب اسلام میں بھی یہ شخصیات انتہائی مقدس ہیں۔