ممبئی۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکارہ ایشا دیول جو آخری مرتبہ 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹِل می او خدا ‘‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں، نے ایک مرتبہ پھر اداکاری کی طرف واپس آنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ ایشا دیول نے کہا ہے کہ قابلیت کے لئے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی بس کام کا جذبہ ہونا چاہیے۔ میں بڑی اسکرین سے محبت کرتی ہوں اور اسی لئے جلد سے جلد فلموں کی طرف واپس آنا چاہتی ہوں۔
ایشا دیول جو اپنی چھوٹی بہن اہانہ دیول کی شادی کے موقع پر بازو پر چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئی تھیں، نے ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مستقبل میں فلم ’’دھوم‘‘ میں ادا کئے جانے والے کردار کرنے کی بجائے ایسے رول کرنا چاہتی ہوں جو باعزت اور باوقار ہوں اور میرے خاندانی حالات سے مطابقت رکھتے ہوں اور اگر ایسی کوئی پیشکش ہوئی تو میں اسے فوراً قبول کر لوں گی مگر حقیقت یہی ہے کہ ابھی تک مجھ سے اس سلسلہ میں کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی میرے پاس کوئی فلم ہے مگر امید ہے کہ جلد ہی سینما اسکرین پر ایک مرتبہ پھر جلوہ گر ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ایشا نے کہا کہ کامیابیوں اور ناکامیوں کا سلسلہ ہرکسی کے ساتھ چلتا رہتا ہے۔