آبپاشی پراجکٹس کا جائزہ لینے کا اعلان ، جے نہرو ڈپٹی فلور لیڈر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی آبپاشی پراجکٹس کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات 26 مارچ سے آندھرا پردیش میں بس یاترا کا اہتمام کریں گے ۔ 24 مارچ کو تمثیلی اسمبلی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی فلور لیڈر مسٹر جے نہرو نے کہا کہ پولاورم ، پٹی سیما پراجکٹس کے علاوہ پرکاشم بیارج ، پوتی ریڈی پاڈو کے ساتھ رائلسیما کے تمام آبپاشی پراجکٹس کا بس یاترا کے ذریعہ دورہ کریں گے ۔ آج وائی ایس آر کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جے نہرو نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی آندھرا پردیش کا رویہ تکلیف دہ ہے ۔ قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی نے کسانوں اور عوام کے مسائل کو حکومت کے سامنے جیسے ہی پیش کرنا شروع کیا ۔ اسپیکر اسمبلی نے ان کا مائیک بند کردیا ۔ ہم بار بار اپیل کیے مگر ہماری ایک نہیں سنی گئی ۔ اسپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتاہے تاہم اسپیکر اسمبلی مسٹر کے شیوا پرساد تلگو دیشم کی بھر پور تائید کررہے ہیں ۔ پٹی سیما پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی حقائق کو منظر عام پر لائیں گے ۔ عوامی جدوجہد سے ہی حکومت کی من مانی کو روکا جائے گا ۔ اس کام میں کتنی بھی رکاوٹیں پیش آئیں اس کی پرواہ نہیں کی جائے گی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ تلگو دیشم حکومت کی ہٹ دھرمی کے خلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی منگل کو تمثیلی اسمبلی کا اہتمام کرے گی ۔ مسٹر جیوتی نہرو نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے انتخابی منشور میں جو بھی وعدے کئے ہیں ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ کسانوں اور ڈاکرا گروپس کے قرضہ جات معاف کرنے کے معاملے میں ٹال مٹول اختیار کیا جارہا ہے ۔ گھر گھر ملازمت کے وعدے کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والی تلگو دیشم پارٹی اپنے انتخابی وعدوں سے انحراف کررہی ہے ۔ اسمبلی میں قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی نے اس کو موضوع بحث بنانے کی کوشش کی ہے ۔ تاہم حکمران جماعت نے ایوان اسمبلی میں اپنی عددی طاقت کا ناجائز استعمال کیا ہے جس سے پارٹی عوام سے رجوع ہورہی ہے ۔۔