کوالالم پور 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)ملائیشیاء کے قائد اپوزیشن انور ابراہیم نے آج کہا کہ ان کے جاپان میں داخلے پر امتناع عائد کرنے سے وہ الجھن اور صدمہ کا شکار ہوگئے ہیں۔ ان کی پارٹی نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ملائیشیا کی برسر اقتدار مخلوط حکومت اس اقدام کے پس پردہ ہے۔ انور ابراہیم نے کہا کہ وہ ایک خانگی دورہ پر نریتا انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے تھے لیکن ایمیگریشن عہدیداروں نے انہیں تحویل میںلے لیاکیونکہ ان کے جاپان میں داخلے پر امتناع عائد ہے
جس کی وجہ 1999ء میں اُن کا کرپشن اور غیر فطری جنسی تعلقات کے مجرم ثابت ہونا ہے۔ متنازعہ فیصلہ جس کی وجہ سے ملائیشیا پر حکومت کرنے والی پارٹی کا مستقبل بری طرح متاثر ہوا ہے اور پارٹی برسر اقتدار مخلوط حکومت کو اپنا دشمن تصور کرتی ہے۔انور ابراہیم نے ملائیشیاء کی حکومت سے مطالبہ کیا اس واقعہ کی تحقیقات کروائی جائیں اور حکومت جاپان سے اس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے ۔ انور ابراہیم نے خود بھی جاپان کے ایمیگریشن کے عہدیداروں سے امتناع کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ یہ ماضی میں تین مرتبہ 2006 کے بعد جاپان کا دورہ کرچکے ہیں تاہم انہیں کبھی نہیں روکاگیا تھا۔