قائد اپوزیشن تلنگانہ عوام کو دھوکہ نہ دیں

آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں تعاون کی درخواست، ٹی ناگیشور راؤ
حیدرآباد ۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنانے حکومت کی جانب سے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں اپوزیشن پارٹیاں رکاوٹیں پیدا کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد اپوزیشن عہدے پر فائز رہتے ہوئے عوام کو دھوکہ نہ دینے کی پرزور اپیل کی۔ مسٹر ناگیشور راؤ نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ اگر پراجکٹس کے موجودہ ڈیزائنس کے مقابلہ میں اور بھی بہتر کوئی ڈیزائنس ہوں تو انہیں لے آنے پر قبول کیا جائے گا۔ وزیر عمارات و شوارع نے پرزور الفاظ میں کہا کہ حکومت کی مسلسل کاوشوں کے نتیجہ میں بھکتارام داس پراجکٹ کے ذریعہ جاریہ سال سے ہی زرعی اغراض کیلئے پانی فراہم کیا جائے گا اور اس طرح سنگین خشک سالی سے متاثرہ علاقہ پالیرو کو سرسبز وشاداب بنایا جائے گا۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے بتایا کہ مشن کاکتیہ میںپہلے دو مرحلوں میں ضلع کھمم کو پہلا مقام حاصل ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن ان اقدامات میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔