سیلچر ؍ کولکاتا 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے 6 قائدین جو سیلچر ایرپورٹ پر حراست میں لئے جانے والے 8 رکنی وفد میں شامل تھے، جبکہ مابعد شہریوں کے قومی رجسٹر صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آسام پہونچے تھے، الزام عائد کیاکہ اُن کے ساتھ دراندازوں جیسا سلوک کیا گیا اور اُنھیں واپس ڈھکیل دیا گیا۔ 6 قائدین آج صبح رات بھر ایرپورٹ پر زیرحراست رہنے کے بعد مغربی بنگال واپس ہوگئے۔ ضلع کاچار کے ڈپٹی کمشنر ایس لکشمن نے کہاکہ ٹی ایم سی کے 6 قائدین اور دیگر دو ارکان پارلیمنٹ ممتا پالا ٹھاکر اور ارپیتا گھوش ریاست سے آج واپس روانہ ہوجائیں گے۔ ٹی ایم سی کے وفد نے 6 ارکان پارلیمنٹ، ایک رکن اسمبلی اور ایک مغربی بنگال کا وزیر آسام کے شہر سیلچر گئے تھے تاکہ عوام سے شہریوں کے قومی رجسٹر کی 30 جولائی کو اشاعت اور رسم اجراء کے بعد تبادلہ خیال کرسکیں۔ کولکاتا واپس آنے کے بعد ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اوپیندھو شیکھر رائے نے کہاکہ جس طرح کا سلوک دراندازوں کے ساتھ کیا جاتا ہے، اُنھیں واپس ڈھکیل دیا جاتا ہے ، ہم سے بھی وہی سلوک کیا گیا۔ ہمیں بھی واپس ڈھکیل دیا گیا۔ ہمارے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی۔ یہاں تک کہ خاتون ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ بھی یہی سلوک روا رکھا گیا۔