قائدین کوسیاسی حریفوں اور سیاسی پارٹیوں سے دشمنی نہ رکھنے کا مشورہ

نئی دہلی 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قائد کو سیاسی حریفوں اور سیاسی پارٹیوں سے دشمنی نہیں رکھنی چاہئے اور نہ عوام کے ذہنوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ پنڈت جواہر لعل نہرو کی 125 ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر انہو ںنے کہا کہ ملک کے اولین وزیر اعظم کو اپنے نظریاتی حریفوں سے دشمنی نہیں تھی۔ انہوں نے یوم جمہوریہ پریڈ 1963 میں آر ایس ایس کو بھی شرکت کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی حریفوں کے بارے میں برے جذبات نہیں رکھنا چاہئے۔ ہم عوام کے ذہنوں میں خوف کی نفسیات پیدا نہیں کرسکتے ۔ ہمیں غیر ضروری بیانات دیتے ہوئے ایسا احساس پیدا نہیں کرنا چاہئے۔ ہمیں عوام میں اعتماد کا احساس پیدا کرنا چاہئے اور تمام سیاسی پارٹیوں کو اس کیلئے کام کرنا چاہئے بعدازاں ان کے بیان کی وضاحت طلب کرنے پر مرکزی وزیر داخلہ نے نائب صدر کانگریس کے ایسے ہی ایک جلسہ میں تقریر کا حوالہ دیا ۔ راہول گاندھی نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ آج کل برہم عوام ملک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر کشی کیلئے جاری مہم ہے ۔ اخوت کی بنیادیں اکھاڑی جارہی ہیں ۔ ایک طرف ہمارے گھروں پر رنگ کیا جارہا ہے اور سڑکیں صاف کی جارہی ہیں دوسری طرف زہر پھیلایا جارہا ہے ۔ بنیاد کو ہی کمزور کیا جارہا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے عوام ایک ہی خاندان کو ملک پر حکمرانی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے ۔ جمہوریت کی عظمت ثابت ہوچکی ہے کیونکہ ایک چائے بیچنے والا وزیر اعظم بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پر تنگ نظر ذہنیت سے حکمرانی نہیں کی جاسکتی ۔ پنڈت نہرو اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھتے تھے ۔ نہرو کو ہندوستان کی جمہوریت پر اعتماد تھا۔یہی وجہ ہے کہ آج کی جمہوریت صرف اشرافیہ کی جمہوریت نہیں ۔ اس میں ہر ایک کو بشمول ان جیسے افراد مواقع دستیاب ہیں۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے چند سال بعد نہرو جی تھے جنہوں نے آر ایس ایس کو غذائی مہم میں شامل کیا تھا۔ حالانکہ کئی پالیسیوں پر انہیں آر ایس ایس سے اختلاف تھا۔ وزیر اعظم سے اپنی ایک ملاقات کو یاد کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ مودی نے ان سے کہا تھا این ڈی اے حکومت کو پنڈت نہرو کا یوم پیدائش منانے کیلئے ہر اقدام کرنا چاہئے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ نظریات اور رائے کا اختلاف ہوسکتا ہے لیکن کسی کو بھی نہرو کے ملک کی فلاح و بہبود کیلئے اس کی بہتری کیلئے کام کرنے کے ارادے سے اختلاف نہیں ہوسکتا۔