قائدانہ کردار میں خواتین کے سلسلہ میں ہندوستان کا ناقص مظاہرہ

نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) قائدانہ کرداروں میں ہندوستان میں خواتین کی جملہ آبادی کا ایک تہائی حصہ بھی شامل نہیں ہے بلکہ قائدانہ کردار میں خواتین کی موجودگی نائجیریا اور انڈونیشیاء جیسے ممالک سے بھی کم ہے۔ گرانٹ تھورانٹن رپورٹ کے بموجب جو انشورنس، ٹیکس اور مشاورتی کمپنی کی جانب سے حاصل کی گئی ہے، کہا گیا ہیکہ سینئر انتظامی عہدوں پر فائز خواتین کی تعداد ہندوستان میں جملہ آبادی کی صرف 15 فیصد ہے۔ ہندوستان کے بعد جرمنی کا مقام ہے جہاں 14 فیصد اور تیسرے مقام پر جاپان ہے جہاں صرف 8 فیصد خواتین انتظامی عہدوں پر فائز ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ نائجیریا میں خواتین کی 21 فیصد تعداد قائدانہ کرداروں میں ہے اور انڈونیشیا میں انتظامی عہدوں پر 20 فیصد خواتین فائز ہیں۔ سینئر انتظامی عہدوں پر سب سے زیادہ خواتین کی تعداد روس میں یعنی 40 فیصد ہے۔ جس کے 40 فیصد اعلیٰ عہدیدار تمام کے تمام خواتین پر مشتمل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ ہندوستان کا مظاہرہ قائدانہ کرداروں میں جیسے سی ای او اور انتظامی ڈائرکٹر میں ناقص ہے۔