ف4 فیصد تحفظات کے تحت محکمہ آبپاشی میں 10 مسلم اُمیدواروں کی بھرتیوں سے اتفاق
حیدرآباد ۔ 3 اگسٹ ۔ ( پریس نوٹ ) آندھراپردیش ریاستی اقلیتی کمیشن کی بروقت و موثر مداخلت کے سبب محکمہ آبپاشی اور سی اے ڈی میں بی سی ( ای ) زمرہ کے تحت ٹکنیکل اسٹیٹ کی جائیدادوں پر 10 مسلم امیدواروں کی بھرتیاں عمل میں آئیں گی ۔ اس کمیشن کے ایک صحافتی اعلامیہ کے مطابق ریاستی اقلیتی کمیشن نے سری رام ساگر پراجکٹ کے تحت گھروں اور اراضیات سے محروم ہونے والے افراد کی اسکیم کے تحت بی ( ای ) زمرہ کے تحت 4 فیصد تحفظات پر عدم عمل آوری کا مسئلہ اُٹھایا تھا ۔ محمد شیخ نثار احمد ساکن کریمنگر نے دیگر مستحق افراد کے ساتھ کمیشن سے شکایت کی تھی کہ ایڈمنسٹریٹرو انجینئر انچیف نے دانستہ طورپر کئی سال سے بی سی ای زمرہ کے تحفظات کو روبعمل نہیں لایا ہے جس کے نتیجہ میں درخواست گذار اور دیگر 9مستحق مسلم امیدوار کئی برسوں سے روزگار سے محروم ہیں۔ بعدازاں کمیشن نے متعلقہ محکمہ سے رپورٹ طلب کی تھی اور تفصیلی سماعت کے بعد ان 10 امیدواروں کی بھرتیوں کی سفارش کی تھی جس سے بالآخر اتفاق کرلیا گیا ۔ ایڈمنسٹریٹرو چیف انجینئر نے آج ریاستی اقلیتی کمیشن سے رجوع ہوکر ایک رپورٹ پیش کی جس میں بی سی ای زمرہ کے تحت 4 فیصد تحفظات سے اتفاق کرلیاہے ۔ کمیشن نے چیف انجینئر کی جانب سے 10 مسلم امیدواروں کی بھرتیوں کے احکام کی اجرائی سے اتفاق پر خوشی کااظہار کیا ہے ۔