حیدرآباد 24 فبروری ( سیاست نیوز)تلگودیشم پارٹی سے ٹی آر ایس میں قائدین کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے بتایا جاتا ہے کہ 28 فروری کو تلگودیشم کے دو ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ تلنگانہ میں تشکیل حکومت کے بعد صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ نے تلگودیشم اور کانگریس قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کی مہم کا آغاز کیا جس کے تحت کئی ارکان اسمبلی اور کونسل نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اہم تلگودیشم قائدین تملا ناگیشور راؤ اور سرینواس یادو کو پارٹی میں شامل کرکے وزارت میں شامل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے پس منظر میں چیف منسٹر نے تلگودیشم کے دو ارکان اسمبلی کی شمولیت کی مساعی کی ہے جن میں پرکاش گوڑ اور ایم کرشنا راؤ شامل ہیں۔ یہ قائدین ٹی آر ایس قیادت سے ربط میں ہیں ۔ توقع ہیکہ 28 فروری کو باقاعدہ شمولیت کا اعلان ہوگا۔ ٹی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ حیدرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور آئندہ دنوں میں کانگریس کے کئی قائدین پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔