ف12 فیصد مسلم تحفظات پر اسمبلی میں بحث کا امکان

اسمبلی سکریٹریٹ میں تلگودیشم کی درخواست داخل، کانگریس اور کمیونسٹ بھی تیار
حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم تلنگانہ ارکان اسمبلی نے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات سے متعلق ٹی آر ایس حکومت کے وعدہ پر قانون ساز اسمبلی میں سوال داخل کیا ہے۔ پرکاش گوڑ اور دیگر ارکان کی جانب سے یہ سوال اسمبلی سکریٹریٹ کو داخل کیا گیا تاہم ابھی اسے ایجنڈہ میں شامل نہیں کیا گیا۔ اسمبلی سکریٹریٹ ایام کار کے دوران کسی دن وقفہ سوالات میں اس سوال کو شامل کرے گا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اس سوال کا جواب محکمہ اقلیتی بہبود سے طلب کیا ہے جس میں حکومت کی جانب سے کمیشن آف انکوائری کے قیام کا ذکر کیا گیا۔ کمیشن آف انکوائری کی رپورٹ کے بعد بی سی کمیشن کی تشکیل کو جواب میں شامل کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وقفہ سوالات میں اس مسئلہ پر مباحث کی صورت میں چیف منسٹر کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اس سوال کا جواب دیں گے۔روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے 12فیصد مسلم تحفظات کے حق میں مہم کے آغاز کا اثر اسمبلی کی کارروائی پر دکھائی دے رہا ہے اور سب سے پہلے تلگودیشم ارکان نے اس مسئلہ پر سوال داخل کردیا۔ ممکن ہے کہ کانگریس اور بائیں بازو کے ارکان بھی خود کو اس سوال کا حصہ بنانے کیلئے اسمبلی سکریٹریٹ سے خواہش کریں گے تاہم اصل سوال تلگودیشم ارکان نے داخل کیا ہے اور دیگر پارٹیوں کے ارکان کے نام بعد میں فہرست میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ توقع ہے کہ اسمبلی کے علاوہ کونسل میں بھی اس مسئلہ پر اپوزیشن جماعتیں مباحث کیلئے حکومت پر دباؤ بنائیں گی۔ اسی دوران بزنس اڈوائزری کمیٹی نے 10اکٹوبر تک جاری رہنے والے اجلاس کیلئے جو ایجنڈہ طئے کیا ہے اس میں مباحث کیلئے طئے شدہ مسائل میں اقلیتی بہبود شامل ہے۔