شہر کے اہم مراکز پر نصب ہورڈنگس کے ذریعہ عوام میں شعور بیداری
حیدرآباد ۔29 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے مختلف مقامات پر ادارہ سیاست کی جانب سے ہورڈنگس نصب کرتے ہوئے حکومت کو انتخابات سے قبل کیا گیا وعدہ یاد دلوانے پہل شروع کی گئی ہے۔ سیاست نے 12 فیصد تحفظات کے سلسلہ میں شعور بیداری مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوام کو اس جدوجہد میں شامل کرنے میں کلیدی رول ادا کیا اور اب ہورڈنگس کی تنصیب کے ذریعہ مختلف مقامات پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت کو انتخابی منشور یاد دلوانے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔ نصب کردہ ہورڈنگس میں ٹی آر حکومت سے یہ سوال کیا گیا ہیکہ 12 فیصد مسلم تحفظات کا کیا ہوا؟ ان ہورڈنگس میں حکومت کو یہ بھی یاد دلایا گیا کہ ٹی آر ایس نے اقتدار حاصل کرنے کے اندرون چار ماہ 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ انتخابی منشور میں کئے گئے اس وعدہ کی یاد دہانی کیلئے ایسے مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں ریاستی وزراء اور منتخبہ عوامی نمائندوں کی نظریں پڑتی ہیں۔ منتخبہ عوامی نمائندوں اور ریاستی وزراء کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کے مسئلہ کو نظرانداز کرنے کی پالیسی کے خلاف عوامی تحریک کی شروعات کے بعد سے اب تک سینکڑوں نمائندگیاں حکومت اور متعلقہ عہدیداروں سے کی جاچکی ہیں اور اب شہر کے کئی مرکزی مقامات بالخصوص حج ہاؤز، مہدی پٹنم، بیگم پیٹ، ٹولی چوکی میں ہورڈنگس کے ذریعہ عوام میں شروع اجاگر کرنے کی کوششوں کا آغاز ہوا ہے۔ حکومت میں شامل نمائندوں کے علاوہ اپوزیشن قائدین و منتخبہ نمائندوں کی توجہ دہانی کیلئے نصب کئے گئے ان ہورڈنگس کی تنصیب کا مقصد انتخابی وعدہ کی یاد دہانی کے علاوہ شہر و اضلاع کے مسلمانوں کو اپنے حق کو حاصل کرنے کی جدوجہد کا احساس پیدا کرنا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات سے قبل دل خوش کن وعدے روایت بنتے جارہے ہیں اور ٹی آر ایس نے ریاستی تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کئے گئے وعدہ پر عمل آوری نہیں کی اسی لئے اس عوامی تحریک کا آغاز وقت کی اہم ضرورت بن گئی اور ادارہ سیاست کی جانب سے تحریک کے آغاز کے ساتھ ہی زبردست عوامی ردعمل حاصل ہونا شروع ہوگیا اور مختلف تنظیموں و جماعتوں کی جانب سے عوامی نمائندوں پر دباؤ بڑھایا جانے لگا ہیکہ وہ اس مسئلہ کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے جواب طلب کرے کہ آخر 12 فیصد مسلم تحفظات کا کیا ہوا؟