فیکٹریوں کی وجہ سے نظام پیٹ کے عوام کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا

حیدرآباد ۔12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نظام پیٹ کے تقریبا ایک لاکھ مکانوں میں موجود افراد کو فضائی آلودگی کی وجہ سے صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے چونکہ اطراف میں موجود فیاکٹریوں سے مسلسل خارج ہونے والے دھویں سے یہاں کی فضا آلودہ ہوچکی ہے اور اطراف کے عوام کو سانس لینے میں دقت ہونے کے علاوہ صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ میڈپلی ضلع کے ایک علاقے نظام پیٹ میں اکثریت غریب کسانوں کی ہے جو کہ فیکٹریوں سے خارج ہونے والے دھویں سے آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں ۔ گاوں والوں نے شکایت کی ہے کہ فیکٹریوں سے خارج ہونے والے مسلسل دھویں کی وجہ سے اطراف کی فضا آلودہ ہوچکی ہے اور اس آلودہ فضا میں سانس لینا دشوار ہوچکا ہے ۔ دیہاتیوں نے شکایت کی ہے کہ آلودہ فضا کی وجہ سے آنکھوں سے پانی کا اخراج ، قئے ، متلی ، بخار اور کھانسی نے عوام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ ( ٹی ایس پی سی بی ) میں فضائی آلودگی کے متعلق شکایت درج کروائی گئی جس کے بعد ٹی ایس پی سی بی کے عہدیداروں نے یہاں کا معائنہ کیا اور فضائی آلودگی کی مقدار کی پیمائش بھی کی لیکن اس کے بعد کچھ بھی کارروائی نہیں ہوئی ہے ۔ میڈیا نمائندے سے اظہار خیال کرتے ہوئے جگدیش بابو نے کہا کہ نظام پیٹ کا مکمل گاؤں صحت کے مسائل سے پریشان ہے کیوں کہ بولارام اور بچوپلی جو کہ یہاں سے صرف 4 کلومیٹرس کے فاصلے پر موجود ہیں اور وہاں موجود فیکٹریوں سے مسلسل خارج ہونے والے دھویں نے فضائی آلودگی کو تشویش ناک حد تک بڑھا دیا ہے ۔ عوام نے بورڈ سے شکایت کرنے کے علاوہ سافٹ ویر کمپنیوں میں کام کرنے والے نوجوانوں نے ٹوئیٹر کے ذریعہ وزیر کی توجہ بھی اس جانب مبذول کروائی ہے لیکن کارروائی ہنوز ندارد ہے ۔۔