ہوانا ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کیوبا کے سابق صدر آنجہانی فیڈل کاسترو کے سب سے بڑے بیٹے نے آج خودکشی کرلی۔ وہ 68 سال کے تھے۔ کیوبا کے سرکاری اخبار گرانما نے خبر دی کہ ’’فیڈل کاسترو ڈیازبالارٹ نے آج صبح خودکشی کی۔ وہ شدید ذہنی دباؤ کے شکار تھے اور گذشتہ چند ہفتوں سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کررہی تھی‘‘۔ جزیرہ نما ملک میں وہ فیڈلیڈ کی عرفیت سے معروف تھے انہیں اس حالت کے سبب ابتداء میں دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ بعدازاں آؤٹ پیشنٹ کی حیثیت سے علاج کیا جارہا تھا۔ وہ یکم ؍ ستمبر 1949ء کو پیدا ہوئے تھے اور انقلابی رہنما فیڈل کاسترو کی پہلی بیوی میرتا ڈیاز بالارٹ کے بطن سے پیدا ہوئے تیھ۔ فیڈجونیر جو سابق سوویت یونین میں تربیت یافتہ سائنسداں تھے، اپنے ملک میں نیوکلیئر پروگرام کے فروغ میں مدد کی تھی۔