فیڈریشن آف اے پی چیمبر آف کامرس کے نام میں تلنگانہ کا اضافہ

حیدرآباد 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) فیڈریشن آف اے پی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( فیپسی ) نے ریاست کی تقسیم کے بعد اپنے نام میں تلنگانہ کا اضافہ کیا ہے اور اب اسے فیڈریشن آف تلنگانہ اینڈ آندھرا پردیش چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کہا جائیگا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیپسی کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے آندھرا اور تلنگانہ کیلئے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر صدر فیپسی مسٹر شیو کمار رنگٹا نے بتایا کہ فیڈریشن نے اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہوئے ان تمام شعبوں کا احاطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی تقسیم عمل میں آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی جانب سے صنعت ‘ تجارت اور کاروبار کے فروغ کیلئے ساری ریاست میں جدوجہد کر رہی ہے ۔ اس کی سرگرمیاں آندھرا پردیش میں تھیں اور ریاست کی تقسیم کے بعد اس کا احساس ہے کہ اسے دونوں ہی ریاستوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اسی لئے نام میں تلنگانہ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔