لندن۔28جون(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافل نڈال کو 2 جولائی کوشروع ہونے والے سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن میں دوسری سیڈ دی گئی ہے جبکہ دوسرے نمبر کے کھلاڑی اور یہاں آٹھ مرتبہ کے فاتح سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو پہلا مقام دیا گیا ہے ۔اس گراس کورٹ ٹورنمنٹ میں آرگنائزر اے ٹی پی کی عالمی درجہ بندی کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے ہیں بلکہ وہ کھلاڑی کی یہاں پر کارکردگی کو درجہ بندی میں اہمیت دیتے ہیں۔ فیڈرر ومبلڈن میں آٹھ مرتبہ کے فاتح رہ چکے ہیں اور وہ اپنے خطاب کا دفاع کرنے اتریں گے جبکہ نڈال11 ویں مرتبہ فرنچ اوپن کا خطاب جیتنے کے بعد ومبلڈن میں اتر رہے ہیں۔دنیا کے پانچویں نمبر کے کھلاڑی کروشیا کے مارن سلچ کو تیسرے اور تیسرے نمبرکے جرمنی کے الیکزینڈر زیوریو کو چوتھا مقام ملا ہے ۔ حال ہی میں واپسی کرنے والے اور یہاں دومرتبہ چمپئن رہ چکے برطانیہ کے اینڈی مرے کو اس مرتبہ سیڈ نہیں دی گئی ہے ۔خواتین میں سات مرتبہ کی چمپئن امریکہ کی سیرینا ولیمس کو ان کی دنیا میں 183 ویں مقام کے باوجود25 ویں سیڈ دی گئی ہے ۔ خواتین میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو پہلا مقام دیا گیا ہے ۔ روس کی ماریا شاراپوواکو24 ویں اور سیرینا کی بڑی بہن وینس ولیمس کو نویں سیڈ ملی ہے ۔