حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گذشتہ ہفتے یہ خبر منظر عام پر لائی گئی تھی کہ شہر میں 60 فیصد آٹوز فینانسرس کی گرفت میں ہیں اور روزانہ محنت کرتے ہوئے اپنے اہل و عیال کے لیے 2 وقت کی روٹی کا انتظام کرنے والے غریب آٹو ڈرائیورس ان فینانسروں کی ہراسانی سے نہ صرف پریشان ہیں بلکہ ذہنی اذیتوں کی وجہ سے ان میں خود کشی کے رجحانات بڑھ رہے ہیں ۔ اسی داستان میں اب ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے جہاں فینانسر نے آٹو کی ماہانہ قسط کی عدم ادائیگی پر آٹو والے کے گھر کو ہی مقفل کردیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب یہ واقعہ ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا ہے ۔ جہاں قطب اللہ پور کے علاقہ سورارام کے مکین شیخ اظہر اللہ کا مکان فینانسر نے مقفل کردیا ہے ۔ پولیس کے بموجب شیخ اظہر اللہ نے ایرگڈہ میں موجود سری نکوڈا آٹو فینانس سے آٹو (AP28TE-6884) فینانس پر لیا تھا 7 جنوری 2018 کو اظہر نے 75 ہزار روپئے کے ضمن میں 18 ہزار روپئے ڈاؤن پے منٹ کیا تھا اور باقی کی 57 ہزار روپئے کی رقم 15 ماہ کے اقساط کے لیے فینانس ہوا تھا جس کے بعد اظہر نے فروری میں ایک ماہ کی فینانس قسط بھی ادا کی تھی لیکن اس کے باوجود فینانس کمپنی نے اظہر کو کاغذات نہیں دئیے ۔ بعد ازاں فینانس کمپنی نے 5 جون کو آٹو ضبط کرلیا اور اظہر کو ہدایت دی کہ وہ باقی رقم فوراً ادا کردے اور اب حد تو یہ ہوگئی کہ فینانس کمپنی کے نمائندوں نے گذشتہ روز اظہر کے مکان کو ہی مقفل کردیا ۔ آٹو یونین کے لیڈروں نے یہ معاملہ پولیس سے رجوع کیا جس کے بعد پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔۔