حیدرآباد ۔6 ۔مئی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے فینانس مینجر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والی شریمتی کے لکشمی کرن ڈپٹی کلکٹر کی خدمات محکمہ مال کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 73 جاری کیا گیا۔ شریمتی کے لکشمی کرن ڈپٹی کلکٹر کو یکم فروری 2014 ء کو محکمہ اقلیتی بہبود میں مامور کیا گیا تھا اور انہیں اقلیتی فینانس کارپوریشن ڈیپیوٹیشن کی بنیاد پر فینانس مینجر مقرر کیا گیا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تقسیم کے بعد شریمتی لکشمی کرن ڈپٹی کلکٹر نے اپنی خدمات محکمہ مال کو واپس کرنے کی خواہش کی تھی۔ حکومت نے اس تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی خدمات متعلقہ محکمہ مال کو فوری اثر کے ساتھ واپس کردیا۔
ایم ڈی کرسچین میناریٹی نوین نکولس کی خدمات محکمہ قبائیلی بہبود کو واپس
جناب سید عمر جلیل کو ایم ڈی کے عہدہ کی زائد ذمہ داری ، جی او کی اجرائی
حیدرآباد ۔6 ۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کرسچن میناریٹی فینانس کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر ای نوین نکولس کی خدمات محکمہ قبائلی بہبود کو واپس کردی ہیں اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کو مینجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری دی گئی۔ اس سلسلہ میں آج جی او آر ٹی 74 جاری کیا گیا۔ جی او کے مطابق ڈپٹی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نوین نکولس کو ڈیپیوٹیشن کی بنیاد پر 17 فروری 2014 ء کو ایک سال کی مدت کیلئے مینجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی میعاد میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی۔ محکمہ قبائلی بہبود نے حکومت کو اطلاع دی کہ محکمہ میں مختلف اہم عہدوں پر عہدیداروں کی کمی کے سبب محکمہ کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔ محکمہ قبائلی بہبود نے نوین نکولس کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود سے واپس کرنے کی خواہش کی تھی۔ حکومت نے اس درخواست کا جائزہ لیتے ہوئے مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن کو فوری اثر کے ساتھ محکمہ قبائلی بہبود کو ریلیو کرنے کا فیصلہ کیا۔ نئے مینجنگ ڈائرکٹر کے تقرر تک اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل مینجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری نبھائیں گے۔