نئی دہلی ۔5 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی فیم انڈیا اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا 7 ستمبر کو یہاں ہندوستان کی فرسٹ گلوبل موبیلٹی سمٹ (MOVE) میں آغاز کریں گے ، مرکزی وزیر اننت گیتے نے آج یہ بات کہی ۔ گزشتہ ہفتے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ وزیراعظم FAME II کا آغاز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر الیکٹرک وہیکلس کو اختیار کرنے کے لئے ترغیبات کی پیشکش کریں گے جس کے لئے 5,500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ گیتے نے کہاکہ FAME I 13 سپٹمبر تک ختم ہوجائے گا اور فیم II کا وزیراعظم 7 ستمبر کو اعلان کریں گے ۔ یہاں آٹو موٹیو کامپونینٹ مینوفیکچررس اسوسی ایشن کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گیتے نے کہاکہ وزارت بھاری مصنوعات ایک جامع آٹو پالیسی تمام حاملین مفادات کے ساتھ مشاورت کے بعد وضع کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ بھاری صنعتوں کے محکمہ نے ہمیشہ کی آٹوموٹیو انڈسٹری کی مدد و حمایت کی ہے لہذا ہمیں ایسی کوئی پالیسی نہیں بنانا چاہئے جو اس صنعت میں قابل عمل نہ ہو ۔