فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے 600 مستحق خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم

حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بھوکوں کو کھانا کھلانا ننگوں کو کپڑے پہنانا سب سے بڑی عبادت ہے ۔ جب کہ قوم و ملت کے نونہالوں کو زیور علم سے آراستہ کرنے غریب خاندانوں کو امداد کی فراہمی پر بھی اللہ تعالیٰ نے ناقابل تصور اجر رکھا ہے ۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران غریب خاندانوں میں راشن کٹس نقد رقم اور ملبوسات کی تقسیم کی جاتی ہے تو اس سے بے شمار خاندانوں کی مدد ہوجاتی ہے ۔ اس طرح کے کار خیر میں فیض عام ٹرسٹ اور اس کے حرکیاتی ٹرسٹی و سکریٹری جناب افتخار حسین ہمیشہ آگے رہتے ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ ماہ رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں میں راشن کٹس نقد رقم اور ملبوسات کی تقسیم عمل میں لائی ۔ واضح رہے کہ اس ماہ مقدس میں فیض عام ٹرسٹ نے 7 پروگرامس منعقد کئے ۔ جہانگیر آباد ، میر عالم منڈی ، اے سی گارڈ ، بشیر باغ اور احاطہ سیاست میں راشن کٹس و دیگر اشیاء کی تقسیم کا نظم کیا ۔ اس موقع پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب رضوان حیدر ، رکن مجلس عاملہ سید حیدر علی ، ریٹائرڈ جسٹس ای اسمعیل ، مسز کوثر افشاں اہلیہ ڈاکٹر احمد کمال ، محترمہ مصباح علی اور خلیل صاحب نے شرکت کی ۔ آج فیض عام ٹرسٹ میں تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں 100 خاندانوں میں نئے ملبوسات ، نقد رقم کی تقسیم عمل میں آئی جس پر 55-60 ہزار روپئے کے مصارف آئے ۔ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ فیض عام ٹرسٹ کے ذریعہ مستحق خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلباء و طالبات کی بھر پور مدد کی جاتی ہے اور یہ سرگرمیاں عطیہ دہندگان کے تعاون سے انجام دی جاتی ہیں۔ بہر حال رمضان المبارک میں تقریبا 600 خاندانوں کی مدد کی گئی ۔ اس موقع پر امرین فاطمہ بھی موجود تھیں ۔ یہ لڑکی جو 62 فیصد جسمانی معذور ہے فیض عام ٹرسٹ نے دوسری جماعت سے اسکالر شپ فراہم کی اور گریجویشن کروایا بعد میں امرین فاطمہ نے خود بی ایڈ کیا اور اب مراد نگر میں واقع سونا ہائی اسکول میں انچارج ٹیچر ہیں ۔ انہیں بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ بھی حاصل ہوچکا ہے ۔ امرین فاطمہ کے بارے میں آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ان کی دائیں آنکھ بالکل ناکارہ ہے اور بائیں آنکھ بھی متاثر ہے ۔ اس کے باوجود وہ بڑی بہادری کے ساتھ اپنی زندگی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ۔۔