فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم

جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں 1.71 لاکھ روپئے مالیتی اناج کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ماہ رمضان المبارک کے دوران ساری دنیا میں رونقیں دوبالا ہوجاتی ہیں ۔ امیر و غریب کے درمیان کوئی فرق باقی نہیں رہتا ۔ ہر مسلمان نہ صرف ایک دوسرے کا پوری طرح خیال رکھتے ہیں بلکہ ضرورت مند غیر مسلموں کی بھی دل کھول کر مدد کرتے ہیں ۔ ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے رزق میں کشادگی عطا کرتے ہیں اور کوئی بندہ بھوکا نہیں رہتا ۔ خالق کائنات اپنے بندوں پر رحمتوں کی بارش کرتے رہتے ہیں ۔ ہمارے شہر حیدرآباد پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے ۔ اس شہر کا رمضان ساری دنیا میں مشہور ہے اور یہاں ماہ صیام کے دوران ضرورت مند خاندانوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔ یتیم و یسیروں کی خصوصی دلجوئی کی جاتی ہے ۔ ضرورت مند خاندانوں میں رمضان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آتی ہے ۔ ان میں ملبوسات بھی تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ قارئین ہمارے دین اسلام میں بھوکوں کو کھاتا کھلانا اور ننگوں کو کپڑے پہنانے کو بہت بڑی نیکی قرار دیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ادارہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ پیش پیش دکھائی دیتے ہیں ۔ چنانچہ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے آج دفتر سیاست کے احاطہ میں ضرورت مند خاندانوں میں ایک لاکھ اکہتر ہزار ایک سو پچاس روپئے مالیتی رمضان راشن کٹس کی ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب رضوان حیدر ( ٹرسٹی ) ، سید حیدر علی ( ٹرسٹی ) ، زاہد فاروقی اور سید عبدالستار بھی موجود تھے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے فیض عام ٹرسٹ کی فلاحی خدمات بالخصوص ضرورت مند خاندانوں کے بچوں کو دی جانے والی تعلیمی امداد کے لیے زبردست ستائش کی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق فیض عام ٹرسٹ کو خوشی ہے کہ وہ بھی ادارہ سیاست کے فلاحی و ملی خدمات میں ساتھ ساتھ ہے اور آنے والے دنوں میں ادارہ سیاست کی جانب سے راشن کٹس کی تقسیم کے موقع پر فیض عام ٹرسٹ بھی مکمل تعاون کرے گا تاکہ ضرورت مند خاندانوں کو یہ احساس ہو کہ وہ تنہا نہیں بلکہ ادارہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ بھی ان کے ساتھ ہیں ۔۔