حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : پچھلے مہینے ادارہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈز کی جانب سے AGAPE اسکول واقع اپل میں ایڈز سے متاثرہ طلباء میں فی طالب علم دو عدد کپڑوں کے جوڑے تقسیم کئے گئے تھے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست روزنامہ سیاست نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ بہت جلد ان طلباء میں موسم سرما کے پیش نظر بلانکٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔ قارئین اس بات سے واقف ہیں کہ جناب زاہد علی خاں خدمت خلق کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں چنانچہ ان ہی کی ایماء پر کرسمس کے موقع پر فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈز کی جانب سے AGAPE اسکول میں ایک مختصر تقریب میں محترمہ لن واگ ، منیجنگ ڈائرکٹر AGAPE اسکول کی صدارت میں 220 طلباء میں بلانکٹس کی تقسیم عمل میں لائی ۔ AGAPE اسکول نے ایڈز سے متاثرہ کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کی تعلیم کا بیڑہ اٹھاتے ہوئے پچھلے تقریبا 14 سال سے اپنے آپ کو وقف کئے ہوئے ہے ۔ اس وقت تقریبا 90 طلباء ایڈز سے متاثر ہیں اور ماباقی طلباء ایسے ہیں جنہیں ایڈز سے متاثر والدین یہاں چھوڑ گئے ہیں ۔ AGAPE ان تمام طلباء کو قیام ، طعام ، تعلیم کے علاوہ ان کی صحت کی بازیابی کے لیے ضروری طبی سہولتیں بھی پہونچاتا ہے ۔ محترمہ لن ، ادارہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان یتیم بچوں کو اگر کسی نے باپ ہونے کی محبت بخشی ہے تو وہ یہ ادارے ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے جناب افتخار حسین ، حیدر علی ، ستار اور ہلپنگ ہینڈز کی جانب سے ڈاکٹر شوکت علی مرزا اور جناب ذکی ناصر شریک رہے ۔۔