فیشن میگزین کے سرورق پر سعودی شہزادی کی تصویر پر تنازعہ

ریاض ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) مشہور فیشن میگزین ‘ووگ’ کے سرورق پر سعودی شہزادی ہیفا بنت عبداللہ السعود کی تصویر شائع ہوئی ہے جس پر کچھ لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔ووگ کے سعودی عرب کے ایڈیشن میں شائع ہوئی اس تصویر میں شہزادی ہیفا سفید لبادہ اوڑھے، اونچی ایڑی کے جوتے پہنے ایک کنورٹیبل گاڑی میں بیٹھی دکھائی دے رہی ہیں۔ ان کا چہرہ کھلا ہے۔اس رسالے کو سعودی عرب کی خواتین کے نام معنون کیا گیا ہے اور اس میں ولیعہد محمد بن سلمان کی جاری کردہ اصلاحات کو سراہا گیا ہے جنہوں نے سخت گیر مذہبی حلقوں کے اثر کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔شہزادی ہیفا، جو شاہ عبدالعزیز کی صاحبزادی ہیں جنھوں نے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی لگائی تھی، میگزین میں کہتی ہیں: ‘ہمارے ملک میں بعض قدامت پرست ہیں جنہیں تبدیلی سے ڈر لگتا ہے۔ کئی افراد کیلئے یہی وہ سب کچھ ہے جو انھیں معلوم ہے۔ ’انھوں نے مزید کہا: ‘ذاتی طور پر میں ان تبدیلیوں کی پرجوش حمایت کرتی ہوں‘۔تاہم دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس تصویر پر تنقید کی ہے جو اسی ماہ کم از کم 11 مظاہرین کی گرفتاری پر احتجاج کر رہے ہیں۔ان کے مطابق ان کی اکثریت ان خواتین پر مشتمل ہے جنہیں خواتین کی ڈرائیونگ کے حق میں مہم چلانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔