فیس وصول کرنے کیلئے بچوں کا استعمال برداشت نہیں:کجریوال

نئی دہلی12جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا ہے پرانی دہلی کے بلی ماران میں واقع اسکول میں فیس ادا نہ کرنے والے بچوں کو شدید گرمی میں تہہ خانہ میں رکھنے پر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سیسوڈیاکے ساتھ جمعرات کو اسکول کا معائنہ کر نے کے بعد کجریوال نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ جن بچوں کو تہہ خانے میں رکھا گیا تھا، میں نے ان تمام بچوں اور ان کے والدین سے بات کی ہے مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ نہ ہو اس کے لئے اسکول کی پرنسپل کو سخت ہدایت دی گئی ہے ۔کجریوال نے کہا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی جا چکی ہے ۔ حکومت بھی اس معاملے کی جانچ کروائے گي اور جو بھی مجرم ہوگا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دہلی حکومت اور دہلی پولیس دونوں ہی اس معاملے میں سخت کارروائی کرے گی اور مستقبل میں ایسے واقعے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلی نے پرنسپل کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیس لینے کے لئے بچوں کا استعمال بالکل غلط ہے۔ پولیس کے علاوہ حکومت بھی جانچ کروا رہی ہے ۔ تعلیم دہلی حکومت کی ترجیح ہے اور مستقبل میں ایسی غلطی نہیں ہونی چاہئے ۔ اس موقع پر دہلی حکومت کے وزیر عمران حسین بھی موجود تھے ۔غور طلب ہے کہ اسکول کی فیس ادانہ کرنے والے بہت سے بچوں کو پیر کو گرمی میں اسکول کے تہہ خانہ میں مبینہ طور پر کئی گھنٹوں تک رکھا گیا۔