فیس بک ہیڈکوارٹر پر خطرہ کی جھوٹی اطلاع

مینلو پارک (امریکہ) ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فیس بک کے ہیڈکوارٹر واقع شمالی کیلیفورنیا میں خطرہ کی اطلاع پر پولیس نے فوری یہاں پہنچ کر جامع تلاشی لی لیکن یہ دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی۔ مینلو پارک پولیس کمانڈر ڈیو بیرٹینی نے بتایا کہ کل رات سائن فرانسسکو پولیس نے مقامی وقت کے مطابق 7 بجے اس خطرہ کے بارے میں آگاہ کیا جس کے ساتھ ہی فیس بک کیمپس کو بند کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خطرہ کی یہ اطلاع بالآخر غلط ثابت ہوئی۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائی۔ اس کیمپس کو بعدازاں محفوظ قرار دیتے ہوئے ملازمین کو اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ فیس بک ہیڈکوارٹر میں 6 ہزار سے زائد لوگ کام کرتے ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خطرہ کی اس اطلاع کے وقت وہاں کتنے لوگ موجود تھے۔