فیس بک کے منفی اثرات پر زوکربرگ کی معذرت خواہی

واشنگٹن ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ نے آج سوشیل میڈیا کے اس پلیٹ فارم کے استعمال کے منفی اثرات مرتب ہونے پر معذرت خواہی کا اظہار کیا اور اس بات پر معافی کے خواستگار ہوئے کہ انہوں نے جس کام کو لوگوں کو جوڑنے کیلئے شروع کیا تھا، وہ لوگوں کو تقسیم کررہا ہے۔ 33 سالہ زوکر برگ نے یوں تو کسی خاص واقعہ کا تذکرہ نہیں کیا تاہم ان کی معذرت خواہی کا پس منظر یہ ہیکہ اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ روس نے امریکی صدارتی انتخابات میں دخل اندازی کیلئے فیس بک کا ہی استعمال کرتے ہوئے عوام میں یہ پروپگنڈہ کیا گیا کہ وہ ڈونالڈ ٹرمپ کے حق میں اپنا ووٹ دیں۔ اس طرح عوام کے جذبات سے کھلواڑ کیا گیا۔ خود اپنی ہی سوشیل میڈیا (فیس بک) کا انتخاب کرتے ہوئے انہوں نے لوگوں سے معذرت خواہی کی اور تحریر میں کہا کہ جاریہ سال اگر کسی کے جذبات یا دل کو ٹھیس پہنچی ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی (فیس بک) کی کارکردگی میں بہتری پیدا کریں گے۔