کمیونیٹی فرینڈلی پولسنگ کے بہتر نتائج ، سوشیل سائیٹ فیس بک سے سرکاری بیان کی اجرائی
حیدرآباد /29 اگست ( سیاست نیوز ) جدید ٹکنالوجی کے استعمال سے شعبہ کو ہم آہنگ کرنے والی حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ٹکنالوجی کے بھرپور استعمال اور اس پر عوامی ردعمل حاصل کرنے میں شہر حیدرآباد نے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ حالیہ دنوں سوشیل میڈیا کی معروف سائٹ فیس بک نے سرکاری طور پر بیان جاری کیا ہے جس کے تحت فیس بک کے استعمال میں اور اس پر عوامی ردعمل حاصل کرنے میں حیدرآباد سٹی پولیس کے ٹریفک شعبہ نے دوسرا مقام اور حیدرآباد سٹی پولیس کے بنچ نے 4 مقام حاصل کیا ہے ۔ کمیونٹی فرینڈلی پولیسنگ میں تاحال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سٹی پولیس توقعات سے زیادہ عوامی ردعمل کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ عوام سے قریب ہونے کے ساتھ ساتھ مسائل کی یکسوئی چوکس اور بروقت کارروائی کے علاوہ کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے سٹی پولیس نے عوام سے الیکٹرانک رابطہ کو اہمیت دی اور ساتھ ہی پولیس کو جدید تقاضوں سے جوڑا گیا اور عوام کو شکایتوں کا بھی موقع دیا گیا اور سارے معاملات پر نظر رکھنے کیلئے آئی ٹی ونگ کو ذمہ داری دی گئی جو 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کی جانب سے کی گئی شکایتوں کے علاوہ عوام کے مشوروں پر فوری ردعمل ظاہر کیاجاسکے اور اس کی عمل آوری یقینی بنائی جاسکے ۔ سٹی پولیس کی جانب سے سوشیل میڈیا کا استعمال پولیس کیلئے کئی طرح کے فوائد اور کارکردگی میں آسانی کا سبب بنا ہے ۔ جرائم پر قابو پانے کے علاوہ چوکسی اور بروقت اقدامات میں آسانی فراہم ہوئی اس کے علاوہ پولیس میں جوابدہی نظام کو بھی یقینی بنانے میں سوشیل میڈیا معاون و مددگار ثابت ہوا اور خود پولیس ڈپارٹمنٹ میں اعلی عہدیداروں کو اپنے ماتحت عہدیداروں پر نظر رکھنے میں بھی ان ذرائع سے کافی سہولت حاصل ہوئی ہے ۔ جبکہ اس مرحلہ کے تحت اقدامات کرتے ہوئے 60 پولیس عہدیدار کے خلاف کارروائی انجام دی گئی اور کئی عہدیداروں کو پابند کیا گیا ۔ ہلمیٹ کے لزوم کے بعد پولیس محکمہ کی لاپرواہی اور عہدیداروں اور ملازمین پولیس کو مجبوراً ہیلمنٹ کا استعمال کرنا پڑا ۔ چونکہ بغیر ہیلمٹ کے گاڑی چلانے والے ملازمین کی تصاویر آئے دن ٹریفک پولیس کے فیس بک پر نظر آتی رہتی تھیں ۔ اور اس طرح کا سلسلہ نہ صرف ٹریفک پولیس بلکہ حیدرآباد سٹی پولیس کی دوسری سائیٹ کے پیچ پر بھی جاری ہے ۔ سال 2011 میں حیدرآباد سٹی پولیس ٹریفک ونگ نے فیس بک پیج کا آغاز کیا اور اس کے بعد اس طریقہ کار کو سٹی پولیس میں رائج کیا گیا وقت کے ساتھ حاصل عوامی ردعمل سے کافی مقبولیت حاصل ہوئی اور پولیس کی جانب سے مفید مشورے بھی دئے جانے لگے اور عوام کی جانب سے فیس بک پیج کو پسند کرنے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا گیا ۔ حالیہ دنوں فیس بک کی جانب سے سرکاری طور پر بتایا گیا کہ حیدرآباد سٹی پولیس ٹریفک ونگ کے پیج سے 3.13 لاکھ شہری جڑے ہوئے ہیں ۔ سٹی پولیس کے پیج سے 2.12 لاکھ شہری جڑے ہوئے ہیں ۔ ملک کے شہروں میں پہلے نمبر پر بنگلور 4.95 حیدرآباد 3.13 دہلی 2.61 ، کولکتہ 1.79 لاکھ سائبرآباد 91 ہزار 3 سو موجود ہے ۔ جبکہ سوشیل میڈیا کا بھرپور استعمال کرنے والے ملک کے بڑے شہریوں میں دہلی ، ممبئی ، بنگلور ، چینائی ، پونے ، حیدرآباد ، چندی گڑھ شامل ہیں ۔