ملبورن ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 17 سالہ آسٹریلیائی لڑکے کو فیس بک پر پولیس کو دھمکیاں دینے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس لڑکے کا تعلق بھی اسی اسکول سے تھا جس اسکول میں 15 سالہ لڑکا زیرتعلیم تھا جس نے گذشتہ ہفتہ ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا تھا۔ نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے ایک بیان دیتے ہوئے لڑکے پر الزام لگایا کہ اس نے فیس بک پر پولیس کو دھمکیاں دیتے ہوئے اکسانے کی کوشش کی۔ طالب علم کو ہتھکڑیاں ڈالی گئیں اور اس کے شخصی استعمال کی تمام اشیاء فٹ پاتھ پر ڈال دی گئی۔ آسٹریلیا کے مضافاتی علاقہ پاراماتا میں واقع ریاستی کرائم کمانڈ کے دفتر میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔ گذشتہ ہفتہ این ایس ڈبلیو پولیس کے فینانس ڈپارٹمنٹ کے اکاؤنٹنٹ کرٹس چینگ کو کمسن فرہاد خلیل محمد جابر نے اس وقت ہلاک کردیا تھا جب وہ دفتر سے نکل رہا تھا۔ جابر کا خاندانی پس منظر عراق اور کردوں سے مربوط ہے جبکہ اس کی پیدائش ایران میں ہوئی۔ جابر پاراماتا کے آرتھر فلپ ہائی اسکول میں زیرتعلیم تھا۔