فیس بک ’’ٹرمپ مخالف‘‘ نہیں : زوکر برگ کی وضاحت

واشنگٹن ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فیس بک سی ای او مارک زوکر برگ نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک ایک ایسی سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹ ہے جس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھاکہ فیس بک ٹرمپ مخالف مواد سے بھرا پڑا ہے۔ زوکر برگ نے اس سلسلہ میں ٹرمپ کے ٹوئیٹ کاجواب دیتے ہوئے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات کے دوران بھی فیس بک نے مکمل طور پر غیرجانبدارانہ موقف اپنایا تھا لہٰذا ٹرمپ کا یہ الزام بالکل بے بنیاد ہیکہ فیس بک نیٹ ورکنگ سائٹ ٹرمپ مخالف ہے۔ اپنے فیس بک پیچ پر انہوں نے کہا کہ ہر گذرنے والے دن کے ساتھ فیس بک پر ہم لوگوں کو قریب تر کرتے ہوئے ہر ایک کیلئے کمیونٹی بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس طرح یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہیکہ فیس بک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر قسم کے نظریات اور ذہنی اختراعات کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ ٹرمپ کہتے ہیں کہ فیس بک ان کی مخالف ہے۔ لبرلس کہتے ہیں کہ ہم نے ٹرمپ کی مدد کی کیونکہ دونوں ہی فریق فیس بک پر موجود اس مواد سے پریشان ہیں جو ان کیلئے ناپسندیدہ ہے۔ ایک ایسا پلیٹ فارم جو سارے نظریات کیلئے کھلا ہوا ہے، کچھ لوگوں کو تنگ نظر اور جانبدار نظر آتا ہے جو ایک فطری بات ہے۔ جس وقت فیس بک نے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے کانگریس سے تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی، اس وقت ٹرمپ نے فیس بک پر ’’ٹرمپ مخالف‘‘ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔