فیس بُک پر شان رسالتؐ میں گستاخی، خاتون کے خلاف مقدمہ

حیدرآباد ۔ /28 مئی (سیاست نیوز) سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ فیس بک پر شان رسالتؐ میں گستاخی کے خلاف سی سی ایس کی سائبر کرائم پولیس نے ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بنجارہ ہلز کے ساکن شاہیر زماں نے آج ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیکٹیو ڈپارٹمنٹ سے ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ جئے ونتیکا دیوی دتا دھوپکر نامی خاتون نے اپنے فیس بک ٹائم لائین میں شان رسالتؐ میں گستاخی کرتے ہوئے قابل اعتراض شبیہہ ڈالی ۔ انہوں نے شکایت میں بتایا کہ اس حرکت سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچی ہے اور اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کی گزارش کی۔ جس پر انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر ماجد علی خان نے انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے دفعہ 66A اور 153A (دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیلانے) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔