تھانے 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماجی جہدکار اور رشوت ستانی کے خلاف مہم چلانے والے انا ہزارے کو فیس بُک پر دھمکیاں دینے والے کناڈا کے دو باشندوں کے خلاف ایف آئی اار درج کرلیا گیا ہے۔ انا ہزارے نے حصول اراضی بِل کے خلاف پدیاترا احتجاج نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب انھیں سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹ بُک پر جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ تھانے کے ٹاؤن کلیان کے شہری 57 سالہ اشوک گوتم کو جو بزرگ سماجی جہدکار کی تحریک میں شریک ہیں، فیس بُک اکاؤنٹ پر پیام موصول ہوا جس میں ہزارے کو قتل کردینے کی دھمکی دی گئی ہے۔ گزشتہ 3 ہفتوں سے مسلسل یہ پیام روانہ کیا جارہا ہے جس کے بعد کل رات پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔ انسپکٹر ڈی ایم کاٹے ایم ایف بی پولیس اسٹیشن نے کہاکہ کناڈا کے دو افراد اگن ودھو اور اس کے دوست نیل کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے جنھوں نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہندوستان آکر انا ہزارے کو گولی مار دیں گے۔ پولیس ان کے آئی پی اڈریس کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ یہ دھمکی کس مقام سے دی گئی ہے۔ اس کے بعد پولیس دیگر تفصیلات بھی اکٹھا کرے گی۔