نئی دہلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سوشیل میڈیا کے سرکردہ ادارہ فیس بُک نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کے آئی ٹی سل سے وابستہ افراد سے مربوط 687 صفحات اور کھاتوں کو ہٹادیا گیا ہے۔ فرضی کھاتوں اور غیر مطلوبہ و ناپسندیدہ پیغامات کی ترسیل کے خلاف کی گئی کارروائی کے ایک حصہ کے طور پر یہ قدم اُٹھایا گیا ہے۔ فیس بُک نے کہاکہ مختلف نیٹ ورکس کے مابین مربوط کارروائی غیر مصدقہ طرز عمل کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ فیس بُک میں سائبر سکیورٹی کے سربراہ نیتھانیل گلیچر نے کہاکہ فیس بُک سے 687 صفحات ہٹائے گئے ہیں جن میں اکثر کی پہلی ہی شناخت کرتے ہوئے خودکار طریقہ سے معطلی کی جاچکی تھی۔