فیروز شاہ تغلق

فیروز شاہ تغلق مشہور بادشاہ محمد تغلق کا چچازاد بھائی تھا۔ 1351ء میں دہلی کے تخت پر بیٹھا اور 1388 ء تک کامیاب حکومت کی 38 سال تک لگاتار حکومت کرنے کے بعد 1388 میں وہ دنیا سے چل بسا۔
فیروز شاہ تغلق کی خصوصیات
یہ ایسا نرم دل بادشاہ تھا جسے خونریزی بالکل پسند نہیں تھی، اسی لئے وہ صوبے جو محمد تغلق کے زمانے میں آزاد ہوگئے تھے ، دوبارہ دہلی حکومت میں شامل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ واقعہ ہے کہ بنگال کو فتح کرنے میں تقریباً ایک لاکھ اسی ہزار آدمی موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے، اس کا فیروز کے دل پر گہرا اثر پڑا۔ وہ لاشوں کو دیکھ دیکھ کر بہت رویا اور آئندہ سلطنت کو بڑھانے کیلئے خون خرابہ کرنے سے توبہ کرلی۔ اس نے یہ کوشش کی کہ اس کی حکومت میں جو صوبے ہیں وہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ راحت و آرام پہنچایا جائے۔ عوام کی خوش حالی اور بہبودی کے لئے جو کام فیروزشاہ تغلق نے کئے ہیں، اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں بہت کم ملتی ہے۔
٭٭ ٭ ٭٭