فہرست رائے دہندگان کو درست کرنے تک انتخابات نہ کرانے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے ووٹر لسٹ سے 30 لاکھ ووٹرس حذف کردینے کا الزام عائد کیا ۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور اخراج کا تشفی بخش عمل مکمل ہونے تک انتخابات نہ کرانے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان سے بڑے پیمانے پر چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے ۔ جس کا زندہ ثبوت یہ ہے کہ 2014 کے عام انتخابات میں حلقہ لوک سبھا کریم نگر میں جملہ 15 لاکھ 50 ہزار 834 ووٹس شامل تھے ۔ جو اب گھٹ کر 13 لاکھ 23 ہزار 433 ووٹس ہی باقی رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک حلقہ لوک سبھا کریم نگر سے ہی 2 لاکھ سے زیادہ ووٹ فہرست رائے دہندگان سے خارج کردئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ووٹ غائب ہوجانے کے ذمہ دار کون ہیں ۔ اس طرح اسمبلی حلقہ کریم نگر سے 90 ہزار سے زائد ووٹ خارج کردئیے گئے ہیں ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ صرف کریم نگر حلقہ لوک سبھا اور حلقہ اسمبلی سے اتنی بھاری تعداد میں ووٹ فہرست رائے دہندگان سے خارج ہوگئے ہیں تو ریاست بھر میں کتنے ووٹ خارج ہوئے ہیں اس کا اندازہ مشکل نہیں ہے ۔ کانگریس کی جانب سے تلنگانہ کے ووٹر لسٹ سے 30 لاکھ ووٹر خارج ہوجانے کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے ۔ تاہم الیکشن کمیشن نے جو ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ وہ کانگریس کے لیے تشفی بخش نہیں ہے ۔ جس کے بعد کانگریس پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ سالانہ 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں 10 فیصد کا اضافہ ہوتا ہے مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں ووٹوں کی تعداد بڑھنے کے بجائے گھٹی ہے ۔ جو بہت بڑی سازش کا نتیجہ ہے ۔ کے سی آر اور ٹی آر ایس الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہوتے ہوئے من مانی کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔۔