حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : آپ کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہے یا نہیں ؟ اس کی معلومات کے لیے آپ کو دفاتر کے چکر کاٹنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے ۔ آپ گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کے ذریعہ موبائل نمبر 9223166166 پر انگریزی میں TS ٹائپ کرنے کے بعد اسپیس دے کر ووٹر آئی ڈی نمبر درج کر کے ایس ایم ایس کردیں تو آپ کو تمام تفصیلات ایس ایم ایس کے ذریعہ دستیاب ہوجائیں گی ۔ اور یہ سہولت صرف شہریان حیدرآباد کے لیے ہی ہے اس بات کا انکشاف کمشنر جی ایچ ایم سی و انتخابی آفیسر ڈاکٹر جی جناردھن ریڈی نے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ کی تنقیح بوتھ لیول عملہ گھر گھر جاکر کررہا ہے اور یہ تنقیح عمل 30 جون تک جاری رہے گا اور جو افراد ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرنا چاہتے ہیں یا ووٹر لسٹ میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں تو ویب سائٹ ceotelangana.nic.in کے ذریعہ کرسکتے ہیں ۔ کمشنر جناردھن ریڈی نے بوتھ لیول خدمات کی انجام دہی کے لیے وظیفہ یاب عہدیداروں کو تقرر کرنے کے لیے احکامات دئیے ہیں ۔ کمشنر جناردھن ریڈی نے اے ای آر آفیسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش اور صحت مند کئی افسران موجود ہیں لہذا ووٹر لسٹ میں تبدیلی یا اندراج و اخراج سے متعلق سبکدوش عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ انہوں نے وظیفہ یاب عہدیداروں سے خواہش کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں بی ایل او کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے خواہش مند متعلقہ جی ایچ ایم سی جائنٹ کمشنر کے دفتر میں نام درج کروائیں ۔ کمشنر جناردھن ریڈی نے جوائنٹ کمشنرس اور زونل کمشنرس کو بھی حکم دیا کہ وہ بھی بی ایل اوز کی طرح ووٹر لسٹ کا جائزہ لیں ۔۔